ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے کو جدید اور مضبوط بنائے گا،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مین لائن ون منصوبہ نہ صرف پاکستان ریلوے کو جدید اور مضبوط بنائے گا بلکہ ہنرمند افراد کیلئے ہزاروں ملازمتیں پیدا کریگا اور ملک میں صنعتوں کو فروغ دے گا۔ پیر کے روز اسلام آباد میں ایم ایل ون کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ شہریوں کو بہتر سفری اور مال برداری کی سہولیات فراہم کریگا اور سماجی اقتصادی ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مین لائن ون منصوبے سے کاروباری لاگت کم ہوگی اور تاجر برادری کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود اور ملک کی ترقی انکی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔