صدر مملکت کی انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات
کراچی : سربراہ مملکت عارف علوی نے انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ کرونا میں دیہاڑی دارطبقے کیلئے معیشت کو کھلا رکھنا حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاوس سندھ میں انجمن تاجران سندھ کے وفد سے ملاقات کی، گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں تاجر وفد کی سربراہی محمد جاوید قریشی کررہے تھے۔ تاجروں کے وفد نے کرونا وائرس کی وبائی صورتحال کے بعد تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کے معاشی پیکج اور ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھلا رکھنے کے فیصلے کی تعریف کی۔ تاجروں سے ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پبلک مقامات پر ایس او پیز پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی اور معاشرے کے کمزور طبقے کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔