سیکرٹری سیاحت کی رنجیت سنگھ کے مجسمے کی توڑ پھوڑ پر مذمت
سیکرٹری سیاحت پنجاب کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے لاہور قلعہ میں واقع رنجیت سنگھ کے مجسمے کی توڑ پھوڑ کی مذمت کی ہے ۔ سیکٹری ٹورزم نے کہا ، مجسمے کی توڑ پھوڑ کے بارے میں سن کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے کیونکہ ہمارا ورثہ ریاست کا خزانہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کے ورثے کی حفاظت کریں۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا محکمہ سیاحت نے والڈ سٹی اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے اور والڈ سٹی اتھارٹی سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانونی کاروائی کا کہا ہے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ سکھ سلطنت کے حکمران تھے جو کہ پاکستان کے کئی حصوں میں پھیلی ہوئ تھی جس میں پنجاب کا مرکزی علاقہ ، خیبر پختونخوا کے کچھ حصے اور یہاں تک کہ ملک کے جنوبی حصے بھی شامل تھے۔ ان کے مجسمے کی نقاب کشائی سکھ مورخ ، مصنف اور فلمساز بوبی سنگھ بنسل نے شہنشاہ کی 180 ویں برسی کے موقع پر مائی جنڈن حویلی میں کی۔