ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کا ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو جواب بھجوایا، تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل، اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایاگیا۔ جس میں انہوں نے نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دے دیا۔ عمران نے تحریری جواب میں بتایا کہ آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوں، دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا، پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیراثر ہونے کا مظہرہے، الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی۔