پاک فوج کے خلاف مہم پی ٹی آئی اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا: وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد پاک فوج کے خلاف مہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا، بھارت کے چینلز برملا کہتے ہیں کہ اس وقت عمران خان جو کام ہمارے لیے کررہا ہے، اگر ہم اربوں، کھربوں ڈالر بھی خرچ کرتے تو شاید ہم پاکستان کے اندر اس قسم کا نیٹ ورک نہ پیدا کرسکتے جو بھارت کے مفادات کے تحفظ یا اس کو آگے بڑھانے میں پی ٹی آئی اور اس کا سربراہ عمران خان کررہا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8 سال کی تاخیر کے بعد آیا ہے، اور عمران خان پر جس قسم کے جرم ثابت ہوئے ہیں کہ خیرات کے پیسے کس طرح انہوں نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے، اور شوکت خانم کینسر ہسپتال کی ملک یا ملک سے باہر عزت ہے، اس کا نام استعمال کرکے انہوں نے فنڈز اکھٹے کیے، اس کے نتائج سے بچنے کے لیے توجہ ہٹانے کے لیے پچھلے چند دنوں یا ہفتوں مختلف قسم کی رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کا ایک سانحہ ہوا، اس پر ساری قوم نے افسوس اور غم کیا، اتنے سینئر افسران نے بھی اس حادثے میں شہادت پائی، جب پوری قوم غم زدہ تھی تو پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نا صرف خود بلکہ ان کی اعانت بھارت کے اکاؤنٹ سے بھی کی گئی، دیگر ممالک سے بھی ان کو سوشل میڈیا سے امداد مل رہی تھی تاکہ وہ پاکستان کے خلاف مہم چلائیں، کیونکہ پاک فوج پر حملہ کیا جاتا ہے تو پاکستان پر حملہ ہوتا ہے۔