شہباز گِل کو دوبارہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیر حراست رہنما شہباز گل نے سیشن جج کی جانب سے جسمانی ریمانڈ دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے اپنے وکیل انتظار حسین کے ذریعے دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کے اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج ریبا چوہدری کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چلینج کیا، جس میں ایڈیشنل سیشن جج، آئی جی اور ایس ایس پی اسلام آباد، ایس ایچ او کوہسار اور مدعی مقدمہ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز گِل کو 9 اگست کو گرفتار کیا گیا اور 10 اگست کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس پولیس کے حوالے کیا تھا۔