عراقی صدر نے برطانوی شہریت ترک کر دی
جمہوریہ عراق کے صدر برھم صالح نے دستور پرعمل درآمد کرتے ہوئے برطانوی شہریت ترک کر دی ۔ عراقی ایوان صدر کے ترجمان لقمان الفیلی نے بتاہا کہ صدر برھم صالح اپنی برطانوی شہریت سے دست بردار ہوگئے ہیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عراقی ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ برھم صالح نے صدر منتخب ہونے کے بعد دوہری شہریت ترک کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ آئین کے تحت وہ ریاست کا اعلی ترین منصب اپنے پاس رکھتے ہوئے کسی دوسرے ملک کی شہریت نہیں رکھ سکتے۔ وہ برطانوی شہریت ترک کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے کررہے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ برھم صالح نے شہریت دینے پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سابق عراقی نظام کے دوران برطانیہ نے انہیں شہریت دی تھی، مگر آج وہ حکومت کا حصہ رہتے ہوئے دستور کے مطابق دوسرے ملک کی شہریت نہیں رکھ سکتے۔