کابل:افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،کمانڈر سمیت 32 طالبان ہلاک
افغانستان کی سکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرکے 32 طالبان کو ہلاک کردیا ۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم طالبان کمانڈر ملا حمد اللہ بھی شامل ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ اروزگان میں طالبان کے ٹھکانے پر فضائی کارروائی کرتے ہوئے بمباری کی جس میں اہم کمانڈر ملا حمداللہ سمیت دیگر طالبان ہلاک ہوگئے۔ صوبہ اروزگان کے پولیس چیف جنرل محمد عظیم ہاشمی نے بتایا کہ فضائی حملہ صوبے کے مرکزی شہر ترین کوٹ میں کیا گیا جس میں 22 طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی افغانستان کے صوبے سرے پل کے ڈسٹرکٹ سیاد میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں10 طالبان ہلاک ہوئے ۔ طالبان کی جانب سے افغان حکام کی طرف سے کیے جانے والے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔افغان سکیورٹی حکام کی جانب سے یہ فضائی کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی کہ جب افغان طالبان اورامریکی حکام کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق امریکی حکام اور افغان طالبان کے درمیان 18 فروری کو ملاقات ہو گی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا آئندہ دور قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہوگا۔ دوحا میں فریقین کے مابین بات چیت 25 فروری کو طے ہے۔افغان طالبان کی جانب سے اپنی 14 رکنی مذاکراتی ٹیم کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔