سعودی ولی عہد کا دورہ مضبوط دوطرفہ اقتصادی تعلقات کا مظہر ہے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سعودی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے خصوصی تعلقات ہیں اور اس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے خواہاں ہیں اور ان شعبوں میں تعاون کو فرو غ دینا چاہتے ہیں جن میں ابھی تک تعاون نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ سعودی عرب' متحدہ عرب امارات اور چین نے ضرورت کی ہر گھڑی میں پاکستان کو فراخدلانہ امداد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ' سعودی عرب' یمن اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔عمران خان نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصلح ہیں اور وہ اپنے ملک کوایک جدید اور ترقی پسند قوم میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ افغانستان میں امن سے خطے میں استحکام اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان تنازعے سے پہلے ایک پرامن ملک تھا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ناصرف غیر ملکی سیاحوں بلکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے ویزہ پالیسی میں نرمی کررہی ہے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کے ساتھ کاروبار میں آسانی کے منتظر ہیں۔