سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے پرتپاک استقبال
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا طیارہ پاک فضائیہ کے طیاروں کے حصار میں نور خان ایئربیس پر لینڈ کرگیا جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوگئے، وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گاڑی خود ڈرائیور کی اور برابر میں ولی عہد بیٹھے۔سعودی ولی عہد کے طیارے کو پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے ملکی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنے حصار میں لے لیا تھا اور اسی حصار میں ولی عہد کے طیارے نے راولپنڈی کی نور خان ایئربیس پر لینڈنگ کی۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد سے قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اسلام آباد پہنچے، ان کا استقبال وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا۔ سعودی وزیر خارجہ سے قبل شاہی ڈاکٹرز، سیکیورٹی اور دیگر عملے پر مشتمل 221 افراد پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب سے اب تک 7 جہاز نورخان ائیربیس پر لینڈ کرچکے جب کہ ان میں 2 واپس روانہ بھی ہوگئے۔