15سال بعد اعلیٰ ترین سعودی قیادت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 15سال بعد اعلیٰ ترین سعودی قیادت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، پاکستان اورسعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں، گزشتہ دورحکومت میں دوطرفہ تعلقات میں سرد مہری آئی ، پی ٹی آئی حکومت نے تعلقات کی افادیت مدنظر رکھتے ہوئے بہتری کی کوشش کی ، عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے تعلقات نے نئی نوعیت اختیار کی ۔ پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودیہ سپریم کوارڈینیشن کونسل تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ دوطرفہ سیاسی و سفارتی اور مضبوط معاشی تعلقات پروان چڑھیں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے ویزہ فیس میں کمی خوش آئند ہے۔ سعودی شہریوں کی آمد پر ویزے کی سہولت سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔