شجرکاری مہم :آئندہ نسلوں کیلئے طرز زندگی بدلنا ہوگا : وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں درخت لگا کر موسم بہار کی شجرکاری کا آغاز کردیا ، وزیر اعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خاص طور پر امین اسلم اور کلائمیٹ چینج کی منسٹری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے تھوڑے وقت میں بڑی محنت کی ،ہم پاکستان میں تبدیلی لا رہے ہیں ، ہم زمین اور سوچ دونوں بدل رہے ہیں ،ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ماحول کو بدلیں گے۔ نبی ﷺ نے کہا کہ آخرت کیلئے ایسے جیو جیسے آپ نے کل مر جانا ہے ، آخرت کیلئے ایسے سوچو کے اپ نے اپنے اعمال کیسے ٹھیک کرنے ہیں ،ہم نے نہ اپنی آخرت کی فکر کی نہ دیکھا کہ کیسے ہم بے دردی سے درخت کاٹ رہے ہیں ،اس کی مثال لاہور اورپشاور ہے جس کو گارڈن سٹی کہا جاتا تھا ، آج لاہور میں جو آلودگی ہے اس سے انسان کی زندگی پر 11 سال کم ہوتے ہیں ، بچوں اور بوڑھوں کیلئے اس پر بڑے اثرات ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پچھلے 20 سالوں میں لاہور کے درخت کاٹ دیئے گئے ، جاپانی طرز میواکی سے پودے تیزی سے بڑھیں گے اور گھنے ہوں گے ،10سال میں وہ جنگل اگ جاتا ہے جس کو عام طور پر 30 سال لگتے ہیں ۔ لاہور کیلئے 50 علاقے ڈھونڈے جہاں میواکی جنگل شروع کریں گے ، اسلام آباد میں مزید 20 علاقوں میں درخت لگائیں جائیں گے ۔ شجرکاری آنے والی نسلوں کیلئے بے حدضروری ہے، پاکستان کو ہرا بھرا رکھنے کیلئے نوجوانوں کے تعاون کی ضرورت ہے یہ وہ وقت ہے جب ہمارا نوجوان اپنے مستقبل کو اپنے ہاتھ میں لے ، ہماری حکومت آپ کیساتھ ملکر سارے پاکستان کو ہرا بنا دے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کلائمیٹ چینج آرہا ہے، ہم دنیا میں ان 10 ممالک میں ہیں جن کو سب سے زیادہ خطرہ ہے ، ہم نے ایک ارب درخت کے پی میں لگوائے اب 10 ارب درخت اگانے کا پروگرام ہے ۔ عالمی ایجنسی نے آکر ایک ارب درخت کو خود آڈٹ کیا ہے ۔ ہم سکولوں کو ٹارگٹ دیں گے کہ انہوں نے اتنے درخت لگانے ہیں اور اس کو بچانا بھی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں وہ خوش قسمت پاکستانی ہوں جس نے پورا پاکستان دیکھا ہوا ہے، دنیا کا شاید کوئی ایسا ملک ہے جہاں میں نہیں گیا ، حکومت آپ کیساتھ ملکر اس ماحول کو بالکل تبدیل کر دیں گے ۔