کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی رہی، نئی سرمایہ کاری کی بدولت انڈیکس گیارہ ہزار تین سو پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور مارکیٹ کاروبار کے آغاز سے اختتام تک گرین زون میں رہی۔اینگرو کارپوریشن،او جی ڈی سی اور پاکستان آئل فیلڈ میں نمایاں تیزی نے انڈیکس کو ڈبل سینچری اسکور کرنے میں مدد دی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ایک سو تیرانوے پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ ہزار تین سو پانچ پوائنٹس پر بند ہوا۔ ملکی مالیاتی اداروں کی نئی خریداری نے کاروباری حجم کو بھی پانچ کروڑ شئیرز سے تجاوز کرنے میں مدد دی۔ کاروباری حجم کے اعتبار سے اینگرو کارپوریشن کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے اور فی شئیرز قیمت ایک روز کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی صورتحال میں کشیدگی بڑھی تو انڈیکس تیزی کا تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس چھتیس پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ دو ہزار نو سو پینتالیس پر بند ہوا۔