ایم کیو ایم کے وفدکی وزیراعظم سے ملاقات ، سندھ میں درپیش مسائل پر بات چیت
متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے وزیراعظم عمران خان سے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی اور صوبہ سندھ خصوصاً کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سندھ کے عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ ان کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرے گی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور منصوبے کی تکمیل کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جائے گا۔وزیراعظم آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون فروغ نسیم اور رکن قومی اسمبلی سید امین الحق، وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر شریک تھے۔