کسی معزز وزیر باتدبیر کی خواہش پر زرداری، مراد علی شاہ اور محترمہ فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا ،قومی احتساب بیورو
قومی احتساب بیورو(نیب) نے واضح کیا ہے کہ کسی معزز وزیر باتدبیر کی خواہش پر آصف علی زرداری،سابق صدر،مراد علی شاہ،وزیر اعلیٰ سندھ اور محترمہ فریال تالپورایم پی اے کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔ نیب کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ نیب کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی مصدقہ نقو ل تاحال موصول نہیں ہوئیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے مصدقہ فیصلے کی روشنی میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ترجمان نیب نے اس ضمن میںسست روی کے تاثر کو یکسر مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنا کام کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ قانونی موشگافیوں کو حل کرنے میں وقت اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔نیب نے ایک معزز وفاقی وزیر کی نیب میں جاری ایک کیس کے سلسلہ میں میڈیاکو دیے گئے مختلف بیانات اور انٹرویوز کے متن پیمرا سے طلب کر نے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ معزز وفاقی وزیر کے متعلقہ کیس کے سلسلہ میں نیب کومعافی مانگنے ،کیس بند کرنے اور کیس واپس لینے کے میڈیا کو دئیے گئے تمام بیانا ت اور انٹرویوز کا قانون کے مطابق نہ صرف مکمل گہرائی سے جائزہ لیا جائے اورنیب کے قانون کے مطابق کاروائی کرنے سے پہلے اس بات کو دیکھا جائے کہ نیب کومعافی مانگنے اور متعلقہ کیس بند کرنے اور واپس لینے کاکیو ں کہا جا رہا ہے؟۔ترجمان نے کہا کہ قانون کے مطابق یہ دیکھنا بھی مقصود ہے کہ کہیں یہ بیانات اور انٹرویوز نیب پر بلاواسطہ یا بلواسطہ اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں اور کہیں یہ بیانات قانون کے مطابق نیب کی شفاف تفتیش کی راہ میںحائل تو نہیںہو رہے؟ ترجمان نے کہا کہ نیب ہر قسم کے دبائو کو یکسر مستردکرتا ہے اوریہ یقین دلاتا ہے کہ نیب کی تمام تحقیقات صرف اورصرف آیئن اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائی جاتی ہیںتاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔