پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ، اہم شاہراہوں پر حد نگاہ صفر
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی ، سردی بھی جوبن پر چلی گئی۔ موٹر وے لاہور سے پنڈی بھٹیاں جبکہ جی ٹی روڈ پر کالاشاہ کاکو اور کھوڑی ایریا میں بھی دھند رقص کرتی رہی۔دھند نے ملک کے بیشتر حصوں کو ایک ساتھ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بالائی علاقوں سمیت میدانی علاقوں میں سردی بھی اپنے جوبن پر رہی ۔ فضا میں رقص کرتے دھوئیں کے مرغولوں نے ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا، دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے شیخوپورہ موٹروے پر شدید دھند کے باعث حدنگاہ 5 میٹر رہ گئی۔لاہور تا شیخوپورہ موٹروے کو عارضی طور پر بند رکھا گیا۔ موٹروے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک بند رہی، جی ٹی روڈ پر کالاشاہ کاکو اور کھوڑی ایریا بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے سفر کرنے والے غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کریں۔ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 14 جبکہ استور منفی 12، گوپس منفی 09، بگروٹ منفی 08، کالام منفی 06، ہنزہ، دروش منفی 04، مالم جبہ، دیر منفی 03، پارا چنار، چلاس، چترال، گلگت، مری، راولاکوٹ منفی 02، میر کھانی منفی 1، اسلام آباد 1، لاہور 4، ملتان 6، پشاور 4 اور کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔