یمنی حکومت کا جرمنی میں ہونے والے مذاکرات پر تحفظات کا اظہار
یمن کی دستوری حکومت نے جرمنی کی میزبانی میں یمن میں قیام امن کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔یمنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن میں "یمن میں استحکام کے مواقع اور اعلی سطحی تزویراتی ڈائیلاگ" کے حوالےسے ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر حکومت کو تحفظات ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات آئینی حکومت کی مشاورت اور اسے پیشگی رابطے کے بغیر کیے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے میثاق کے مطابق یمنی آئینی حکومت قومی کی حقیقی نمائندہ ہے اور اسے نظرانداز کرکے ملک میں امن کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے وضع کردہ فریم ورک ہی زیادہ مناسب اور موزوں ہے اور اس فورم سے باہر رہ کریمن میں امن وامان کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن میں ہونے والے مذاکرات میں آئینی حکومت کو شامل نہیں کیا گیا جس پرہمیں تحفظات ہیں۔