گلگت بلتستان اورآزاد کشمیرکی موجودہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی‘ سپریم کورٹ
اسلام آباد: گلگت بلتستان آئینی حقوق کے معاملے پرسپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے اختیارات گلگت بلتستان میں بھی نافذ العمل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے گلگت بلتستان آئینی حقوق کے معاملے پر فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس اعجازالاحسن نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی موجودہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، ان علاقوں کی آئینی حیثیت استصواب رائے سے طے کی جائے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصلے میں کہا کہ بھارت اورپاکستان زیرانتظام علاقوں کوزیادہ سے زیادہ حقوق دینے کے پابند ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الجہاد ٹرسٹ کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کوگلگت کوبنیادی آزادی دینے کا پابند کیا، گلگت بلتستان آرڈر2018 کے تحت مقننہ اورانتظامی ادارے قائم کیے گئے۔