شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سید علی گیلانی
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی داستان اس قدر بھیانک اور رونگٹے کھڑی کردینے والی ہے کہ شاید ہی اس کی مثال دنیا میں کہیں اور ملتی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور جموں وکشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے ایک روز ضرور آزاد ہو گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے بھارتی فوج کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان زینت الاسلام کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہد ا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور نہ ہی عظیم قربانیوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کشمیریوں سے مقبوضہ علاقے میں آئندہ ہونے والے بھارتی پارلیمانی اور نام نہاد اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکی تمام بھارت نواز سیاسی جماعتیں جبری بھارتی فوجی قبضے کووام بخشنے کا کردار ادا کرتی ہیں اور ان جماعتوں کے رہنما لوگوں کے پاس بجلی، پانی اور سڑک کے نام پر ووٹ لینے کیلئے آتے ہیں لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد اپنے ہی لوگوں کا خون بہانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔ سید علی گیلانی نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔