اپوزیشن عوام کے ایشوز پر اکٹھی ہوتی تو بات سمجھ میں آتی: مراد سعید
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور ن لیگ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جس نے کہا تھا گلیوں میں نہ گھسیٹا تو نام بدل دینا، آج دونوں ایک ساتھ ہیں۔ عوام کے ایشوز پر اکٹھے ہوتے تو بات سمجھ میں آتی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے ممبر کے نکات کی حمایت کرتا ہوں، فاٹا دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، وہاں کے لوگ بہت کچھ دیکھ چکے۔ فاٹا ریفارمز کی تحریک کے دوران ہم بھی شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن نے یہاں بیٹھ کر تالیاں بجائیں، این ایف سی میں فاٹا کے لوگوں کو ان کا حق دے دیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے متعلق بات کی، انہوں نے سابق وزیر اعظم سے متعلق بھی بات کی۔ جس پر کیسز چل رہے تھے سابق وزیر اعظم نے اپنے جہاز میں اسے فرار کروایا۔