ہمیں آصف زرداری کو گھسیٹنے کی بات نہیں کرنی چاہئے تھی، سعد رفیق
اسلام آباد: سابق وزیرریلوے سعد رفیق نے کہا کہ ہے کہ ہمیں آصف زرداری کو گھسیٹنے کی بات نہیں کرنی چاہئے تھی، اپوزیشن کے اتحاد کو حکومت خطرہ نہ سمجھے کیونکہ یہ پارلیمانی روایت ہے، عوام جتنی تیزی سے حکومت سے مایوس ہوئے اسکی مثال نہیں ملتی اور حکومت اپنی دشمن آپ ہے،اسے کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ایسی باتیں کی جاتی ہیں جن کا وجود ہی نہیں، ہم حکومت کے مینڈیٹ کوتسلیم نہیں کرتے لیکن پھربھی حکومت گرانا نہیں چاہتے اوراستدعا ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد کو حکومت خطرہ نہ سمجھے یہ پارلیمانی روایت ہے، آپ کو وقت دینا چاہتے ہیں کہ اپنے وعدوں کو پر10 فیصد بھی عمل کرلیں۔سعد رفیق نے کہا کہ نیب والوں سے کہا ہے کہ ریفرنس ضرور بنا، افسوس کہ وزیراعظم اور تمام وزرا گالیوں پر لگے ہیں، چند ماہ بعد آپ بھی ہماری طرح ہوں گے، اگرخودمختارپارلیمنٹ بنانی ہے تو اس دھکم پیل سے نکلیں، ہمیں آصف زرداری کو گھسیٹنے والی بات نہیں کرنی چاہیئے تھی لیکن زبان پھسل جاتی ہے جیسے میں نے مرد کا بچہ والی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یوسف رضا گیلانی کو پھر نواز شریف کو نکالا، نہیں چاہتے عمران خان کو بھی ایسے نکالا جائے، وزرائے اعظم کو فیصلوں سے ایسے نہیں نکالا جانا چاہئے ، وزیراعظم کو مشورہ دوں گا اپنے مخلص دوستوں کو بٹھائیں اور بات کریں۔ سعد رفیق نے کہا کہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے ایک اور انداز میں تمام صورتحال کو دیکھ سکتا ہوں، بندہ جیل میں ہو تو سوچنے کا بہت وقت ہوتا ہے اور آپ کے دوست جو آپ کے نہیں ہمارے ساتھ آپ کی لڑائی کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 سال بعد جیل کی صورت میں بریک ملا، اب کھانا وقت پر کھاتا ہوں، سونے کا بھی وقت ملتا ہے، نیب والوں سے کہا ہے کہ میرے خلاف ریفرنس ضرور بنائیں، جتنا کچھ میرے خلاف کہا جا رہا ہے اس کا فیصلہ عدالت میں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ نون لیگ اور پی پی کو میثاق جمہوریت پی ٹی آئی اور دوسری جماعتوں کے سامنے بھی پیش کرنا چاہیے، یہاں محب وطن افراد کو غدار قرار دیا گیا، مجھے بتائیے کہ یہ غدار بناتا کون ہے؟جو جمہوریت یا قانون کی عمل داری مانگتا ہے وہ غدار، چور قرار پاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسپیکر اور ایوان کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے بے پناہ دباو کے باوجود عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں حکومت کی ناکامی کی خوشی نہیں اس سے ریاست کو نقصان پہنچتا ہے، عمران کو پکڑ کر وزیراعظم بنا دیا گیا اب تو وہ سنجیدہ ہوں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام جتنی تیزی سے حکومت سے مایوس ہوئے اسکی مثال نہیں ملتی اور حکومت اپنی دشمن آپ ہے،اسے کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔mk/ah