تنازعہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیامیں امن واستحکام کا قیام ایک خواب رہے گا،وزیرخارجہ
کیپیٹل ہل میں امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیرخارجہ نے کہاکہ جب تک تنازعہ کشمیر، کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیاجاتا اس وقت تک جنوبی ایشیاء کا امن واستحکام خطرے میں رہے گا۔ دونوں فریقوں نے پاک امریکہ تعلقات جنوبی ایشیاء کی صورتحال، افغان امن عمل اور مشرق وسطیٰ میں حالیہ تبدیلیوں پر ایک دوسرے کواپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ نے سینیٹروں کومقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے ظالمانہ محاصرے اور علاقائی سلامتی پر اس کے اثرات کے بارے میں بھی بتایا۔ کمیٹی کے ارکان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارکوسراہا اور پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی۔