الیکشن کمیشن نے 150 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی
الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرنے پر 150 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 36، سینیٹ 3 اور پنجاب اسمبلی کے 69 اراکین کی رکنیت معطل کی ہے۔سندھ اسمبلی کے 14 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 21 جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 7 اراکین کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔جن ارکان کی رکنیت معطل ہوئی ہے ان میں وفاقی وزیرمذہبی امور نور الحق قادری، وزیر مملکت فرخ حبیب، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔ان کے علاوہ فہمیدہ مرزا ، عامر لیاقت، راجہ ریاض، صداقت عباسی، خالد مقبول صدیقی کی بھی رکنیت معطل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔