اپوزیشن کی طرف سے نام سنجیدہ نہیں ایک مذاق ہے: تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے (ن) لیگ کے ناموں کو لطیفہ قرار دے دیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے دیئے گئے ناموں کو مسترد کرتے ہوئے ان کو لطیفہ قرار دے دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے تینوں ناموں پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، اچھا ہو گا ہمارے تینوں ناموں میں سے ایک نام پر اتفاق ہو جائے، اپوزیشن کی طرف سے نام سنجیدہ نہیں ایک مذاق ہے، احد چیمہ نیب کے کیس میں شہباز شریف کے شریک ملزم ہیں، ہم نے سنجیدہ نام دیئے تھے ان پر اتفاق ہونا چاہیے۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک احمد خان نے بھی کہا تحریک انصاف کے سنجیدہ نام ہیں، احمد نواز سکھیرا، ناصرکھوسہ صاحب دونوں بڑے کریڈبل نام ہیں، ناصر کھوسہ صاحب سے درخواست کروں گا اپنا فیصلہ تبدیل کریں، آج پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہو جائےگی، کچھ دیر بعد سمری گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دی جائے گی، یہ دو وعدے عمران خان نے جلسے میں کیے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو حکومتوں کو ٹھوکر مار کرعمران خان عوام کے پاس جا رہے ہیں، پاکستان میں تو کوئی کلرک کی نوکری نہیں چھوڑتا، ہمیں پاکستان کیلئے اس حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا، سینئر لیڈر شپ نے جے آئی ٹی پر پرپشر ڈالنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، طاقت ورحلقوں نے جے آئی ٹی ممبران کو کہا یہ کرنا ہے وہ نہیں کرنا،تحریک انصاف کے استعفے قبول نہیں کیے جا رہے۔