رانا ثنااللہ کا چیف جسٹس سے مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کی مبینہ آڈیو کا نوٹس لینے کا مطالبہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے چیف جسٹس آف پاکستان اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی حسین الہٰی اور چوہدری وجاہت حسین کی مبینہ آڈیو کا نوٹس لیں جس میں انہیں ایک رکن اسمبلی کو اغوا کرنے کے بارے میں گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے۔ایک منٹ سے زائد طوالت کی یہ آڈیو پیر کی رات سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی تھی جس میں حسین الہٰی اور وجاہت حسین کو مبینہ طور پر قومی اسمبلی میں ممکنہ ’اعتماد کے ووٹ‘ کی حکمت عملی بناتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ منحرف اراکین، وزیر اعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہ دیں۔
آج لیک ہونے والی آڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ خاتون کے اغوا کی منصوبہ بندی قابل مذمت ہے۔