جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ نوازشریف کی بادشاہت سے خطرہ ہے، ترکی کے عوام نے جمہوریت کو بچایا, یہاں بغاوت ہوئی تو لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے : عمران خان

میرپور میں آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان نے کہا کہ ترکی کے عوام نے جمہوریت کو بچایا، جمہوریت بچانے کیلئے ترک عوام سڑکوں پر نکلے کیونکہ لوگ اسی کے ساتھ ہوتی ہے جو ان کی خدمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ نوازشریف کی بادشاہت سے خطرہ ہے، اگر یہاں بغاوت ہوئی تو لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جب عوام نوازشریف سے حساب مانگتی ہے تو وہ درد بھری کہانیاں سناتے ہیں، ہمارا وزیراعظم جمہوری ہوتا تو وہ پارلیمنٹ کے سامنے جواب دیتا۔ اس دوران کپتان نے قومی احتساب بیورو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب حکمرانوں کا غلام ہے، وہ ان کا احتساب کیسے کرسکتا ہے۔ آزاد نیب کے بغیر کرپشن ختم نہیں ہوسکتی۔ حکمران دھاندلی کرکے اقتدار میں آتے ہیں اور پیسہ لوٹ کر بیرون ملک بھجواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک پر چھ ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھادیا جبکہ بھیک اور قرضہ مانگنے والوں کی دنیا عزت نہیں کرتی۔ دوران خطاب عمران خان نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیں، تحریک انصاف حکومت میں آکر سب سے پہلے کرپشن کا خاتمہ کرے گی، امیروں سے ٹیکس وصول کیا جائے گا اور آزاد کشمیر میں بلدیاتی نظام لائیں گے۔