کراچی میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا
کراچی میں بارش کے دوسرے سپیل نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ گلشن اقبال کی مرکزی سڑک یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک اور نیپا پل کے قریب بارش کا پانی جمع ہو گیا جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں ایک بار پھر بادل خوب برسے جس سے رات گئے پانی سڑکوں پر جمع رہا، متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک اور نیپا چورنگی شامل تھے۔ بارش کا پانی جمع ہوتے ہی گٹر بھی ابل پڑے جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نیبھی شہر قائد میں دوپہر کے وقت موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ ہوا کی رفتار 16 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔