آرمی چیف کی امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر سے ملاقات،پاک امریکہ تعلقات پر بات چیت
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کیساتھ طویل مدتی، کثیرالجہتی اور پائیدار شراکت داری برقرار رکھنا چاہتا ہے۔وہ جمعہ کو امریکی ناظم الامور سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان باہمی تعلقات کو جاری رکھنے کا خواہاں ہے، پاکستان طویل مدتی، کثیرالجہتی اور پائیدار شراکت داری چاہتا ہے۔ امریکی ناظم الامور نے افغان امن عمل اور خطے میں امن کے لیے بھی پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔