پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نےاچھی بیٹنگ اور باولنگ کی بدولت انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل کرلی۔انگلش ٹیم نے 233 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ابتدائی تین وکٹیں 48 رنز پر گنوا دیں جبکہ جیسن روئے بھی 32 رنز بنا کر چلتے بنے تو اسکور چار وکٹوں پر 82 رنز ہو چکا تھا مگر لیام لیونگ اسٹون نے محض 17بالز پر انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین ففٹی کی بدولت پیشقدمی جاری رکھی اور 16رنز بنا کر میدان چھوڑنے والے اوئن مورگن کی واپسی کے باوجود پاکستانی بالرز کو سکون کا سانس نہیں لینے دیا۔لوئس گریگوری کی دس رنز پر رخصتی کے بعد لیام لیونگ اسٹون نے 42 بالز پر چھ چوکوں اور نو چھکوں سمیت اولین سنچری مکمل کرلی مگر اگلی بال پر انہیں شاداب خان نے اپنا تیسرا شکار بنا لیا جبکہ شاہین آفریدی نے بھی تین وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کو 201 پر محدود کردیا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کیلئے طلب کئے جانے پر ابتدائی پندرہ اوورز میں 150رنز کا فلائنگ اسٹارٹ لیا اور کپتان بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان نے حریف بالرز کو مایوسی کا شکار کردیا۔محمد رضوان نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 اور بابر اعظم نے 85 رنز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ صہیب مقصود اگرچہ 19رنز بنا سکے لیکن فخر زمان کے 26 اور محمد حفیظ کے 24 رنز نے مجموعی اسکور کو چھ وکٹوں پر 232 رنز تک پہنچانے میں مدد فراہم کی جو پاکستان کا مختصر فارمیٹ میں ریکارڈ ٹوٹل بھی ہے جس نے رواں برس اپریل میں جنوبی افریقہ کیخلاف سینچورین میں ایک وکٹ پر 205 اور اپریل دو ہزار اٹھارہ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کراچی میں بھی تین وکٹوں پر 205 رنز بنائے تھے ۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹام کرن ہی دو وکٹیں لے سکے ۔