مشتاق چینی کا شہباز شریف کے بیٹوں کیلئے منی لانڈرنگ کا اعتراف ،بیان ریکارڈ کرادیا
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹوں کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق چینی نے شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ کا اعتراف کرلیا اور نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا اورت جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو کے روبرو دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کرایا، بیان بند کمرے میں قلمبند کیا۔مشتاق چینی نے کہا کہ وہ شہباز شریف فیملی کے ساتھ 2005 سے کاروبار کر رہا ہے، شہباز شریف کے کمپنی سیکرٹری عثمان نے 2014 میں کہا تھا کہ ساٹھ کروڑ کی رقم وائٹ کروانی ہے، صرف آپ کے اکاؤنٹ استعمال کرنے ہیں، سرمایہ ہمارا ہے۔شریف فیملی کے فرنٹ مین کا کہنا تھا وزیر اعلی کے بیٹے اور وزیراعظم کے بھتیجے ہونے کی وجہ سے انکار نہیں کر سکا تھا، 2014 میں ان کی کمپنی کے بادامی باغ میں واقع بنک میں بیرون ملک سے اکیس کروڑ چالیس لاکھ کی ٹی ٹی لگوائی گئی۔ رقم بھیجنے والی کمپنیوں اور افراد کو وہ نہیں جانتے۔