ملک میں کورونا سےایک دن میں ریکارڈ 136 اموات،1 لاکھ 54ہزار760متاثر
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے باعث ریکارڈ 136 اموات ہوئیں ، جبکہ ایک دن میں 5 ہزار839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرنے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے۔ جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ جاری ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار 760 تک جا پہنچی ہے۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 136 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد2975 تک جا پہنچی ہے ۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق پنجاب میں مہلک وبا سے 1149افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ صوبے میں اب تک کورونا کے58ہزار 239کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 886 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ سب سے زیادہ سندھ میں 58 ہزار 768 کورنا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا سےاب تک 731 افرادزندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد 19ہزار 107کیسز ہوچکی ہے ۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے اب تک8ہزار 437 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں 89 مریض چل بسے ۔ کورونا سے اسلام آباد میں 90 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ9 ہزار 242کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 1164افرادکورونا کا شکار ہوچکے ہیں اور17 مریض جاں بحق ہوئے ۔ آزاد کشمیرمیں کورونا سےمتاثرہ افراد کی تعداد703ہوگئی جبکہ 13افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ پاکستان میں کورونا سے اب تک 58ہزار 437 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 28,117ٹیسٹ کیے گئے ہیں ۔ ملک بھر میں مجموعی طور 9 لاکھ 50 ہزار782 ٹیسٹ کیے گئے ہیں ۔