پاکستان اہم شراکت دار ہے ،باہمی تعلقات کوآگے بڑھا رہے ہیں۔نیڈ پرائس
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہمیں نئی پاکستانی حکومت کے نمائندوں سے ملنے کے چند مواقع ملے ہیں، بلنکن اور بلاول کی ملاقات میں اچھی اور تعمیری بات چیت ہوئی،پاکستان اہم شراکت دار ہے ،باہمی تعلقات کوآگے بڑھا رہے ہیں۔نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ بلنکن کوپاکستانی ہم منصب سے ملنے کا موقع ملا، پہلی بار یہ بہت اچھی اور تعمیری بات چیت تھی، ملاقات میں غذائی تحفظ کے مسئلے سمیت تمام مسائل پربات ہوئی۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں ہمارا شراکت دار ہے، ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے طریقے تلاش کریں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بھارت میں بی جے پی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے گھروں کو گرائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بی جے پی کے دو عہدیداروں کے جارحانہ تبصروں کی مذمت کی ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی یا عقیدے کی آزادی سمیت انسانی حقوق کے مسائل پر سینئر سطح پر بھارتی حکومت کے ساتھ باقاعدگی سے بات کرتے ہیں۔نیڈ پرائس نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔بھارت کی جانب سے روس سے تیل خریدنے پر انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ بھارت کا رشتہ کئی دہائیوں کے دوران پروان چڑھا، یہ دہائیوں کے دوران ایسے وقت میں پروان چڑھاجب امریکا بھارتی حکومت کے لئے پسند کا شراکت دار بننے کے لئے تیار یا قابل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک دو طرفہ روایت کی میراث ہے، جو اب دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔امریکی ترجمان نے کہا کہ اس کا تعلق کلنٹن انتظامیہ سے جڑتا ہے اور یقینا جارج ڈبلیو بش انتظامیہ سے بھی، جب امریکا نے بھارت کے ساتھ شراکت داری کی کوشش کی ۔