انتہا پسند یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی

درجنوں انتہا پسند یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی ۔ یومیہ بنیادوں پر مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرنے آنے والے یہودی آباد کار پولیس کی غیر معمولی حفاظت میں پہنچے۔ مختلف گروپوں کی شکل میں مسجد اقصیٰ کے مغربی دروازے سے داخل ہوتے رہے اور مسجد اقصیٰ کے صحن میں پولیس کی حفاظت میں چکر لگاتے رہے۔ اس دوران یہودی آباد کاروں کو ان کے رہنمائوں نے یہودی ٹیمپل کے بارے میں لیکچرز بھی دیے۔ خیال رہے یومیہ بنیادوں پر پولیس حفاظت میں مسجد اقصیٰ لائے جانے والے یہودی آبادکاروں کو ان کے ربی اس موضوع پر لیکچر دیتے ہیں اور تلمودی عبادت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔جب تک یہودی آباد کار مسجد اقصی میں موجود رہتے ہیں مسلمانوں کا مسجد میں داخلہ سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے زبردستی روک دیا جاتا ہے۔ مسجد کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور مسجد میں موجود نمازیوں کی نقل و حرکت بھی مکمل روک دی جاتی ہے۔