انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی بروقت درآمد سے ملک میں تیل کا بحران ٹل گیا ہے : وزیراعظم

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیا سے 25 لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل درآمد کیا جا رہا ہے جس سے ملک میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر کا خوردنی تیل کی درآمد کیلئے ذاتی خرچے پر انڈونیشیا کا دورہ قابلِ ستائش ہے ، بروقت درآمد سے ملک میں خوردنی تیل کے متوقع بحران کے خطرے کا سد باب ہوا ، خوردنی تیل کے کارگو کی آمد سے تیل کے نرخوں میں کمی ہوگی ۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد پر وفاقی وزیر کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ یاد رہے کہ خوردنی تیل کی پہلی کھیپ وزیرِ صنعت و پیداوار کی انڈونیشیا میں موجودگی کے دوران ہی پاکستان روانہ کر دی گئی تھی ۔