پرویز مشرف کے خلاف عدالتوں میں کئی کیس موجود ہیں، ڈکٹیٹر کو فرار کا موقع دیا جا رہا ہے : بلاول بھٹو زرداری
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشرف پر غداری کیس بھی زیر سماعت ہے جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہو،اس کیس میں بھی وہ عدالت میں پیش ہونے سے گریز کرتے رہے ہیں، اگر مشرف کو اس طرح ملک سے فرارہونے دیا گیا تو اہم کیس ادھورے رہ جائیں گے، نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں بھی پرویز مشرف کوکسی پوچھ گچھ اور عدالت میں پیش ہوئے بغیرہی بری کرکے قانون کی دھجیاں بکھیری گئیں،بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے جھوٹے مقدمات کے تحت درج کیے گئے کیس 18,18برس تک عدالتوں میں چلائے جانے کے بعد فیصلے سنائے گئے ، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو طویل عرصہ تک جیلوں میں قید رکھا گیا ان کو ضمانتیں تک نہیں دی گئیں لیکن ایک ڈکٹیٹر پر درج سنگین کیسوں کے باوجود اس کے حق میں اورایک دن میں فیصلہ سنایا گیا اور اسے عدالت میں پیش ہوئے بغیر ملک سے فرار ہونے کا موقع دیا جارہا ہے۔