ایف سی کے جوانوں نے بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں۔ لیاقت علی
ایف سی کمانڈنٹ لیاقت علی نے کہا ہے کہ شبقدر ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے دو دہشت گرد ٹرینرز کی وردی میں آئے، دہشت گردوں نے جمعہ کی صبح سویرے حملہ کیا،سیکورٹی فورسز2منٹ کے اندراندر مددکو پہنچیں، دونوں دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ جوانوں نے بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں۔جمعہ کو پشاور میں کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری لیاقت علی نے شہید اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور کی نشاندہی اور اس کا مقابلہ کرنابڑی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے گزشتہ 6 حملے ناکام ہوئے۔ 2 دہشت گردوں نے مختلف مقامات سے داخل ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کاڈسپلن اوربہادری کی کوئی مثال نہیں، یہ واحد سول فورس ہے جو محدود وسائل میں کراچی سیکشمیر تک سیکورٹی فرائض انجام دیرہی ہے۔ ان کی بروقت کارروائی سیخودکش حملہ آور ہلاک ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد فوج سمیت تمام اداروں کے لوگ پہنچ گئے۔ حملے کے وقت ٹریننگ سینٹر میں 120 افراد موجود تھے۔ اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ٹریننگ سینٹر کے اندر آنے نہیں دیا۔ واقعے کی تفتیش کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔