پاکستان میں استحکام نہ صرف چین بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ژاؤ جن
چین کے سفیرژاؤ جنH.E. Yao Jing نے کہا ہے کہ پاکستان میں استحکام نہ صرف چین بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اپنے برادر ملک پاکستان کو اقوام عالم میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج لاہور سینٹر فار پیس ریسرچ کے زیراہتمام ’’21ویں صدی میں پاک چین تعلقات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے کلیدی خطاب میں چین کے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کی ترقی میں نہایت اہمیت رکھتاہے ،جیسا کہ گزشتہ سال19ویں چائنہ کمیونسٹ پارٹی کنونشن میں بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت مزید بڑھتی جائے گی۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں استحکام چائنہ کی ترقی کے لئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈورایک اہم ترین منصوبہ ہے جو خطے میں باہم رابطے اورامن کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چائنہ بلکہ تمام دنیا کے لئے ترقی کی نظیرثابت ہو گا۔ قبل ازیں سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت مضبوط معاشی اور سماجی تعلقات کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات غیرمشروط اور باہمی مفاد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کاون بیلٹ ون روڈ منصوبہ چین ،پاکستان اور علاقے کے بہتر مستقبل، خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گا اور علاقے کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچائے گا۔ انہوں نے چینی قیادت کی تعریف کی کہ وہ سماجی اور معاشی ترقی کے لئے بین الاقوامی رابطے قائم کر رہے ہیں۔ اس تقریب میں چینی قونصل جنرل Long Dingbin، سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ ، سابق سفارتکاروں ، دفاعی تجزیہ کاروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔