اب بھی شیخ رشید کابینہ کا حصہ رہا تو سمجھیں گے یہ دھمکی حکومت کی طرف سے ہے: پیپلزپارٹی پنجاب
لاول بھٹو کو دھمکیاں دینے پر شیخ رشید کے خلاف قانون کارروائی پر مشاورت۔ کراچی : وفاقی وزیر شیخ رشید کی جانب سے بلاول بھٹو کے حوالے سے کئے گئے دھمکی آمیز ٹویٹ پر پیپلز پارٹی نے قانونی کارروائی کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکریٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ شیخ رشید سیاسی مسخرہ اور دہشتگردوں کا ٹائوٹ ہے، شیخ رشید کا حالیہ بیان دھمکی ہے، اسے سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ بلاول ہائوس سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق چودھری منظور نے واضع کیا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے وکلا سے قانون مشاورت جاری ہے۔شیخ رشید گندگی پھیلاتا رہا ہم نے نظر انداز کیا، قتل کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔یہ اسی طرح کی دھمکی ہے جیسی آمر مشرف محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو تھی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے بعد شیخ رشید نے یہ دھمکی دی ہے۔ شیخ رشید کے کالعدم جماعتوں اور دہشتگردوں سے تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں۔لگتا ہے اس دھمکی میں حکومت اور خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کی منشا بھی شامل ہے۔ چودھری منظور نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت کی منشا شامل نہیں تو حکومت شیخ رشید کو کابینہ سے نکال کر اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔اگر اب بھی شیخ رشید کابینہ کا حصہ رہا تو سمجھا جائے گا یہ دھمکی حکومت کی طرف سے ہے۔