آسٹریلوی دہشت گرد کی لندن کے میئر کو دھمکی
آسٹریلوی دہشت گرد کی جانب سے لندن کے میئر صادق خان کو دھمکی سامنے آنے پر برطانوی حکام نے ملزم کے برطانوی انتہا پسندوں سے تعلق کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تحقیقات برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کررہی ہے۔کیوی میڈیا کے مطابق مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نے منشور میں لندن کے میئر صادق خان کو دھمکی دی ہے اور برطانیہ میں دہشت گرد حملوں کی بات کی گئی ہے۔2 ماہ کے دورہ یورپ کے دوران آسٹریلوی دہشت گرد برطانیہ بھی آیا تھا اور2017 میں 15روز تک برطانیہ میں قیام کیا تھا۔ دوسری جانب فرانس کی خفیہ ایجنسیوں نے بھی آسٹریلوی دہشت گرد کے فرانسیسی انتہاپسندوں سے تعلق کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔دہشت گرد نے صدارتی انتخابات کے موقع پر فرانس کا بھی دورہ کیا تھا۔ جب انتہائی دائیں بازو کی لیڈر ماغی لاپن کے جیتنے کے امکانات تھے۔کیوی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے سلسلے میں وہ کئی دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہیں۔