انتخابی شکست سے خوف زدہ بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنا نام تبدیل کرلیا
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے متوقع انتخابی شکست سے خوف زدہ ہو کر ٹویٹر پر اپنے نام میں تبدیلی کرتے ہوئے ’چوکیدار نریندرا مودی‘ رکھ لیا۔
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات آئندہ ماہ سے شروع ہونے جا رہے ہیں، اپنی ناقص کارکردگی پر پریشان اور متوقع انتخابی شکست سے خوف زدہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی ہر چال ناکام ہوتی نظر آرہی ہے، فوجی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب اور گرفتار پائلٹ کی رہائی نے مودی کے خواب کو چکنا چور کردیا جس کے بعد بی جے پی کی نئی قلابازی نے تضحیک کا سامان فراہم کردیا۔
بھارتی وزیراعظم اور حکمراں جماعت نے پہلے تو فوجیوں کو انتخابی مہم کے لیے استعمال کیا اور فوجیوں کی بڑی بڑی تصاویر سے اپنے جلسہ گاہوں کو سجایا تاہم الیکشن کمیشن نے سابق فوجی افسران کی درخواست پر سیاسی جماعتوں کو فوجیوں کے نام، تصاویر اور جنگی ترانوں کے استعمال سے روک دیا۔
انتخابی مہم کے لیے ہر چال ناکام ہوتے دیکھ کر حکمراں جماعت نے اپنے لیے ’چوکیدار‘ یعنی سپاہی کا نام استعمال کرنے لگے، وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ کا نام ’ چوکیدار نریندرا مودی‘ رکھ لیا۔ جس پر سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی اور حکمراں جماعت نے اپنے دور حکومت میں عوام تو بہت دور ملک کا دفاع کرنے والے سپاہیوں کے لیے بھی کچھ نہیں کیا اور اب انتخابی مہم کے لیے انہی سپاہیوں کا کندھا استعمال کرنے کی شرمناک حرکت کر رہے ہیں۔