ڈیم فنڈز، عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام
کینیڈا میں ڈیم فنڈز کے حوالے سے تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام ہو گیا، کینیڈا میں ڈیم فنڈ ریزنگ کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کینیڈامیں وزیراعظم عمران خان کے امن پسند اقدامات کی زبردست پذیرائی ہوئی، سکھ برادری نے بھارتی وزیراعظم کو امن دشمن قرار دے دیا، سمندر پار پاکستانیوں نے دل کھول کر ڈیم فنڈز کے لیے عطیات دیے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈین پارلیمنٹ میں پاکستانی کمیونٹی کےزیراہتمام تقریب کیا گیا جس میں کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطاء اللہ جان کی دعوت پر تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے شرکت کی جبکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
کینیڈامیں مقیم سکھ برادری کےافراد بطورخاص تقریب میں شریک ہوئے اور انہوں نے مودی کے امن دشمن ہتھکنڈوں پر کھل کرتنقید کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو امن کی عالمی شخصیت قرار دے دیا۔
سکھ براداری نے کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن داؤ پر لگانے کی بھارتی وزیراعظم کی کوششوں کی مذمت کی۔
اس موقع پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں میں بہت جذبہ ہے۔ خوشی ہے وزیراعظم عمران خان بھی ڈیم فنڈز کا حصہ بن گئے ہیں، بھارت نے پاکستان کو کبھی بطور آزاد ملک تسلیم نہیں کیا۔ ملکی سالمیت کے خلاف ازخود نوٹس کا استعمال کرنے پر فخر ہے۔
ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیم کا نہ بننا مجرمانہ غفلت ہے، لوگوں کی جانب سے دیئے گئے عطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہا اہم مشن کے لئے پاکستانیوں کی سخاوت قابل دید ہے، دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب بہت زبردست ہوئی انہوں نے اس کے لیے ماشاء اللہ کا لفظ بھی استعمال کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابھی اوٹاوا، ٹورنٹو، کلگرے، ایڈمونٹن میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور سمندر پار پاکستانیوں نے دل کھول کر ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ دیا۔ چار شہروں سے 50 لاکھ ڈالر جمع ہوئے۔
MashALLAH - A great start to our Canada Campaign from Montreal, pledging over half a million dollars already. Ottawa, Toronto, Calgary, Edmonton, and Vancouver yet to follow. Hats-off to Overseas Pakistanis for their genoristy for this great cause. #WaterForLife #DamsFundRaisers pic.twitter.com/Q51URRoaTC
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) March 16, 2019