وزیر اعظم عمران خان کا عالمی برادری سے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ
وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پر غور کرے، قرضے معاف ہونے سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان جیسے غریب ممالک کے قرضے معاف کر دینے چاہیے جس کے بعد وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کا قابل ہو سکیں گے۔وزیر اعظم کا غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پر غور کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے جہاں غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کیا وہاں برادر ہمسائے ملک ایران پر سے معاشی پابندیاں اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا ایران جیسے ملک سے اگر پابندیاں ہٹا لی جاتی ہیں تو حکام کورونا وائرس سے کافی حد تک نبرد ہو سکتے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے انٹرویو میں واضح طور پر کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے جس کے باعث وہ کورونا وائرس کا زیادہ دیر مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ وزیر اعظم نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس جیسی وباء سے نمٹنے کے لیے غریب اور ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف ہونے چاہئیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جو 170 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے کورونا وائرس کی بڑھتی تعداد نے شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈا ل دیا ہے۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 7171 افراد زندگی کی بازی ہا ر چکے ہیں ، جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد اس خطرناک وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ مہلک وائرس نے ہر جگہ کو متاثر کیا ہے۔ نہ صرف ترقی پذیر بلکہ ترقی ممالک کی معیشت کو بھی جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔ اسٹاک مارکیٹس بھی کریش کر چکی ہیں۔