چینی باشندوں سے 2 کروڑ مالیت کے ماسک برآمد
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایف 7 ون سیکٹر میں واقع ایک گھر میں چھاپہ مار کر وہاں پر رکھے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے فیس ماسک برآمد کر لیے ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں چار چینی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔بی بی سی کے مطا بقاسلام آ باد تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او اطہر خان نے بتایا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے منگل کی صبح ایک کارروائی کے دوران تین کنٹینرز میں رکھے گئے دو کروڑ مالیت کے ماسک برآمد کر لیے ہیں۔ایس ایچ او کوہسار کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں حراست میں لیے گئے افراد کا کہنا ہے کہ ان کی صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے گدون امازئی میں سٹیل مل ہے اور وہاں پر 500 سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں اور یہ ماسک ان کی حفاظت کے لیے خریدے گئے تھے۔انھوں نے کہا کہ ابھی تک حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔پولیس حکام کا کنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ زیر حراست افراد کے اس بیان کی روشنی میں تفتیش کر رہی ہے اور اگر ان کی یہ بات درست ثابت ہوئی تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔