کلائمٹ چینج: صوبے اپنی ضرورت کے پیش نظر خود قوانین بنائیں:شیری رحمان

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان نے ورلڈ بینک کی رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان میں شدید اثرات مرتب کیے، سیلاب سے پاکستان میں غیر معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار ممالک میں صف اول میں ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی پالیسی بنا کر صوبوں کو دے رہی ہے، صوبے اپنی ضرورت کے پیش نظر اس حوالے سے خود قوانین بنائیں۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب نے بڑے انسانی المیے کو جنم دیا، حکومت نے سیلاب زدگان میں 70 ارب کی رقم تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے معاشی امداد کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے، قوانین کو پالیسیوں کے ساتھ نہ الجھائیں، صوبوں کو اپنے قانون بنانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کلائمٹ فنانس سسٹم کو تبدیل کرنا ہوگا، جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، لیکن جب فنڈنگ آئے گی زمین پر ایک اور آفت آسکتی ہے۔