زمبابوے کیخلاف سیریزکو مثالی بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے قذافی سٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجانے کی تیاریاں جاری ہیں،پاکستان چھے سال سے روٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کو منانے میں کامیاب ہوا ہے اور اب زمبابوین ٹیم کی آمد کے ساتھ تلخ یادوں کو بھلا کر ایک نئے سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں اور اس حوالے سے سٹیڈیم کی تزئین اور آرائش کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے۔ سیریز کے لئےمعیاری پچز کی تیاری کے علاوہ شائقین کے لئے نشستوں کی مرمت کا کام کیا جا رہا ہے ،مرکزی گیٹ اور مختلف انکلوژرز کی سجاوٹوں کا کام بھی جاری ہے۔ 3 مارچ 2009 کوملک دشمنوں نے سری لنکن ٹیم پر حملہ کر کے پاکستان کرکٹ کو بھی گہرے زخم پہنچا دئیے تھے جواب زمبابوین ٹیم کے آنے سے بھرنے کی امید ہے زمبابوےکی ٹیم 19مئی کولاہورپہنچے گی جبکہ21 مئی کوپہلا میچ کھیلا جائے گا،زمبابوے ٹیم کوسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے اوران کی سکیورٹی صدرمملکت کے برابر ہوگئی ،مہمان ٹیم کاشاندار استقبال کیا جائے گا،دوسری جانب سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کاسلسلہ جاری ہے اورپہلے آئیے اورپہلے پائیے کی بنیاد پرٹکٹیں دھڑا دھڑ فروخت ہورہی ہیں۔ پاک زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بائیس مئی کو کھیلا جائے گا پی سی بی نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹوئنٹی بائیس مئی کو کھیلا جائے گا جس میں احسن رضا اور شازیب رضا فیلڈ امپائر ہونگے، چوبیس مئی کو ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں احسن رضا اور احمد شہاب فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے-پی سی بی نے ون ڈے سیریز کیلئے بھی میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے،چھبیس مئی کو شروع ہونے والے ون ڈے میچز میں علیم ڈار اور رسل ٹفن امپائرنگ کریں گے جبکہ اظہر خان میچ ریفری ہونگے۔ پاک زمبابوے سیریز پاکستان پر لگا دہشت گردی کا دھبہ ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگی صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ ، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور سمیت دیگر اہم شخصیات نے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی پاک زمبابوے کرکٹ سریز کے لیے سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کی غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ پاک زمبابوے سیریز پاکستان پر لگا دہشت گردی کا دھبہ ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ چھ سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات تو کردیے گئے اب یہ فیصلہ وقت ہی کرے گا کہ ہماری سیکیورٹی ٹیمیں دہشت گردوں کے عزائم کو کس طرح ناکام بناتیں ہیں۔ زندہ دلان لاہور کی بے چینی بڑھنے لگی طویل عرصے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور ٹیم زمبابوے کی آمد پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری سے کم نہیں، زندہ دلان لاہور بے صبری سے اکیس مئی کا انتظار کر رہے ہیں، جب انہیں قذافی سٹیڈیم میں قومی ہیروز کو ان ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔شہری پر امید ہیں کہ زمبابوے ٹیم کی آمد سے دوسرے ممالک کی ٹیموں کی آمد کا راستہ بھی ہموار ہوگا، اور ملک کے سونے کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں پھر سے لوٹ آئیں گی۔شہریوں کا ماننا ہے کہ ملک میں کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی ہے، ملکی کرکٹ کو بچانے کے لیے بین الاقوامی ٹیموں کی آمد انتہائی ضروری ہے-لاہوریوں کی بے چینی عروج پر پہنچ چکی ہے، کب بائیس مئی کا سورج طلوع ہو گا، جو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی نوید بھی لائےگا، اور وہ کرکٹ میچ ٹی وی سکرین پر نہیں بلکہ لائیو دیکھیں گے۔ پاکستان جانےکیلئے بے تاب ہیں ،وہاں پرانے دوستوں سے ملاقات ہوگی: کوچ ڈیو واٹمور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو لکھے گئے خط میں زمبابوے نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹٰیم منگل کی رات پاکستان پہنچے گی جہاں انہیں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں ادھر اپنے ٹویٹرپیغام میں ڈیوواٹمور نے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان جانے کیلئے بے قرار ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کے بہت سے دوست ہیں ،زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران ان سے ملنے کا موقع ملے گا،اس لیے پاکستان جانے کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں ،ڈیوواٹمور نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان کیخلاف فتح کیلئے بہت محنت کررہی ہے،واٹمور اس سے پہلے پاکستانی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں-