یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہوگا۔ راشد لطیف
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشدلطیف نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے اس خلا کو پر کرنا بہت مشکل ہو گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یونس اور مصباح کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، دونوں کی ایک ساتھ ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے اور پی سی بی کیلئے ان کا متبادل تلاش کرنا آسان نہیں ہو گا۔ کالی آندھی کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز میں فتح کے ساتھ ہی یونس اور مصباح الحق کا کیریئر بھی انجام کو پہنچ گیا، دونوں کرکٹرز نے سیریز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر رکھا تھا، یونس خان کو پاکستان کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اور سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے 34 سنچریوں کی مدد سے 10 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں جبکہ مصباح الحق نے 5222 رنز سکور کئے، مصباح کو پاکستان کے کامیاب ترین کپتان کا اعزاز بھی حاصل ہے، گرین شرٹس نے ان کی زیر قیادت 56 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں پاکستانی ٹیم 26 میں فتح یاب رہی۔