فلسطین کی اپیل پرعرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ہوگا۔
عرب لیگ وزرائے خارجہ کےآج ہونے والے اجلاس میں امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ یروشلم میں غیرقانونی منتقلی کے معاملے پر بات کی جائے گی۔ تنظیم کے حکام کا کہنا ہے کہ عرب لیگ کا یہ ہنگامی اجلاس فلسطین کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔ عرب لیگ حکام نے مقبوضہ یروشلم میں امریکی سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے ممالک کے اقدام کو شرمناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کا یہ اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی ہے۔ عرب لیگ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ممالک ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے فلسطینیوں کے حقوق کو نقصان پہنچے۔ امریکی سفارت خانے کی منتقلی انتہائی خطرناک اقدام ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ اس کے اثرات سے لاعلم ہے۔ امریکا نے سفارت خانہ منتقل کرکے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔