کراچی چیمبرکا 24 گھنٹے کاروبارکھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ
کراچی چیمبر آف کامرس نے پیر سے ہفتہ چھ روز کے لئے لاک ڈاؤن ختم کرکےدکانداروں، شاپنگ مالز کو24گھنٹے کاروبارکھلا رکھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیاہے۔ بزنس مین گروپ کے چئیرمین سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ دکانوں اورشاپنگ مالز کوروزانہ24 گھنٹے کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دیے جانے سے نہ صرف بے پناہ بھیڑ کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی بلکہ چھوٹے تاجر اور دکانداروں کو 23 مارچ سے جاری طویل لاک ڈاؤن کے نقصانات کا کسی حد تک ازالہ بھی ہوسکے گا۔ سراج تیلی نے زور دیا کہ لاک ڈاؤن میں پیر سے ہفتے تک چھ روز کے لئے مکمل نرمی کرنی ہی ہوگی تاکہ کراچی والے بنا کسی مشکل، جلدبازی اور پریشانی کے کمرشل مارکیٹوں میں جاسکیں جبکہ دکاندار بھی بھیڑ سے پاک ماحول میں اپنے کسٹمرز کو ڈیل کریں جس کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جاسکے جو کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکنے کے لئے انتہائی اہم حفاظتی اقدام ہے، بعد ازاں، سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق عیدالفطر کی چھٹیوں سے لے کر 31مئی تک مکمل طور پرلاک ڈاؤن کو دوبارہ نافذ کردیا جائے جب کہ یکم جون اور اس کے بعد مجموعی صورت حال کا جائزہ لے کر سندھ حکومت اُسی فارمولے کے تحت چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو پیر سے جمعرات ہفتے میں چار دن کاروبار کرنے کی اجازت دے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن کو لاگو رکھا جائے۔