لوٹوں کے خلاف فیصلے پر شکریہ، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا: عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹوں کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اس پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔کوہاٹ جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس ملک کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا ہے، جو لوگ اپنے ووٹ بیچتے ہیں وہ اپنے حلقے اور جمہوریت سے غداری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز تم نے اچکن سلائی تھی اسے واپس رکھو اب مجھے پورا یقین ہے کہ پنجاب میں مرغی کی قیمتیں نیچے آ جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ سے عاجزی سے درخواست کروں گا، کہ وہ شریف خاندان کے کرپشن کیسز خود سنیں، کیونکہ انہوں نے ایف آئی اے کو برباد کر دیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہےکہ فوری انتخابات کرائیں، ہم کسی امپورٹڈ حکومت کو ماننے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کو ہر گز ووٹ نہ دیں جن کے لیڈرکی جائیدادیں اور پیسہ باہر ہو، آصف زرداری باہر جاتا تھا تو سب کہتے تھے دیکھ کر ہاتھ ملانا آپ کی انگلیاں چوری کر لے گا۔