مسجد نبویؐ میں عازمین حج کی سہولت کے لیے اہم اقدام

May 17, 2025 | 17:02

سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین شریفین میں دینی شعبے کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عازمین حج کی سہولت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ’سمارٹ معاون‘ ایپ لانچ کردی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر شیخ السدیس کے ہمراہ امام و خطیب مسجد نبویؐ شیخ ڈاکٹر عبدالباری بن عواض الثبیتی جو اثرا پروگرام اورمسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کتب خانے کے نگران بھی ہیں موجود تھے۔ یاد رہے کہ ادارہ حرمین کے شعبہ دینی امور کی جانب سے حج آپریشنل پلان جاری کردیا گیا ہے جو 120 اقدامات پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد عازمین حج کی بہتر رہنمائی کرنا ہے۔ متعدد زبانوں میں عازمین حج کی سہولت کیلیے ڈیجیٹل رہنما ضوابط جاری کیے گئے ہیں۔ روبوٹس ’منارہ‘ کے دوسرے ورژن کو متعارف کرایا گیا جو گزشتہ برس سے اپ ڈیٹ ہے اس میں مزید زبانوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں عازمین کے لیے 50 علمی و فکری پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ نے کہا ہے کہ حج 1446 ہجری کے لیے عازمینِ حج کی خدمت کے حوالے سے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رائل کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے ٹریکس کو کشادہ کیا گیا جبکہ ازدحام کو کنٹرول کرنے کیلیے بھی جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق حج آپریشنل پلان کے تحت ’مکہ بس‘ پروگرام کا بھی باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، جس کے تحت مکہ مکرمہ میں 400 بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو 12 راستوں کے لیے مخصوص ہیں۔ سعودی عرب میں حجاج کرام کی سہولت و سلامتی کے لیے مشاعر مقدسہ (وادی منی، مزدلفہ اور عرفات) میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا جن کے تحت مزدلفہ میدان میں ایک لاکھ 70 ہزار مربع میٹر پر مخصوص ٹریک تعمیر کیا گیا ہے جسے ’نرم راستے‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منی کی وادی میں امور صحت کے حوالے سے 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال جبکہ 71 طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں طبی عملہ ایام حج میں مستقل طورپر فعال رہے گا۔ حجاج کے آرام کے پیش نظر مشاعر مقدسہ میں مختلف مقامات پر سایے کا انتظام کیا گیا ہے علاوہ ازیں پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے متعدد مقامات پر 400 واٹرکولرز بھی لگائے گئے ہیں۔  

مزیدخبریں